حکومت مہنگائی پر قابو پائے
مکرمی! آپ کے موقر اخبار کے ذریعے حکام بالا کی توجہ ملک میں بڑھتی ہوئی ’’مہنگائی‘‘ جیسے سنگین مسئلے کی طرف توجہ مبذول کروانا چاہتی ہوں۔ مہنگائی کے عفریت نے پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ معاشرے کا ہر طبقہ اس سے شدید متاثر ہے۔ شاید ہی ایسا کوئی دن گزرتا ہو جب اخبارات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشی کرنے والوں کی کوئی شہ سرخی نہ لگی ہو۔ مہنگائی ہمارے معاشرے کاوہ ناسور ہے جس نے معاشرے کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہے۔ ہر سال لاکھوں پاکستانی اس مہنگائی کے بوجھ تلے دب جاتے ہیں۔ کرونا وائرس کی وبا سے ہونے والے لاک ڈائون نے بیروزگاری میں اضافہ کر دیا ہے۔کرائے کے گھر میں رہنے والے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ صحت اور تعلیم دونوں حکومت کی ذمہ داری ہوتے ہوئے بھی عوام پرائیویٹ سکولوں، ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ سال مہنگائی کی شرح 9.04 فیصد رہی۔ حکومتیں جب تک ملکی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح نہیں دیں گی اس وقت تک مہنگائی کے جن پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔(ماہ نور ریاض چودھری ، لاہور)