نااہل وفاقی حکومت جلد عوامی عدالتی کٹہرے میں گھڑی ہوگی
کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن )کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوامی طاقت کا دوسرا نام ہے ۔ عوام کی طاقت سے ایک بار پھر اقتدار میں آکر ایک ایک ظلم کا حساب لے کر پارلیمنٹ کو مضبوط اور جمہوریت دشمن قوتوں کی خواہش کو ناکام بنائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع سائوتھ کے صدر خان محمد تنولی کے آفس میں عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر سلمان خان نے کہا کہ پارٹی میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں متحد و منظم ہے نواز لیگ میں انتشار پھیلانے والے عناصر کے ناپاک عزائم متوالے ناکام بنادینگے۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں پارٹی میں انتشار پھیلانے کی کوششیں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے ایسے عناصر کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے سازشوں سے بعض آجائیں انہوں نے کہاکہ متوالے اپنے قائدین کے حکم پر ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے ہرقربانی دینے کو تیار ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک میں مسلم لیگ (ن) ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے ۔ انہو نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی تحریک اور جدوجہد ضرور رنگ لائے گی وہ دن دور نہیں جب نااہل حکمران اقتدار سے باہر ہوکر عوامی عدالت کے کٹھرے میں کھڑے ہونگے۔ اس موقع پر ضلع ایسٹ کے صدر چوہدری جمیل، سہیل ندیم، محمد شاہین، سعید ہزاروی، سید اظہر شاہ، چوہدری محمود حسین، فضل خان، محمود حسین ، تنویر جدون، سہیل احمد، نور محمد تنولی، ممتاز بھٹو، منیر اعوان، علی اصغر تنولی، زبیر قریشی، وقاص قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔ آخر میں میزبان خان محمد تنولی نے انجینئر سلمان خان اور تمام عہدیداران و کارکنان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔