بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی خودکشی کی وجہ نیب تھا: سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والانے کہا ہے کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی خودکشی کی وجہ نیب تھا۔ اسلام آباد میں خودکشی کرنے والے بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی اہلیہ اور صاحبزادی سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا اور قبل ازیں پمز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کہا کہ پارلیمنٹ ڈری ہوئی ہے۔ ہر آدمی ڈرا ہوا ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب اپنا طریقہ درست کرے۔ لوگوں کو ہراساں نہ کرے۔ کوئی بھی بولے گا تو اس کو نیب کا نوٹس آ جائے گا۔ فارنزک آڈٹ کرائیں، گفتگو ریکارڈ کریں اور عدالت میں لے کر آئیں۔ بزنس سے متعلق کوئی گفتگو کرتا ہوں تو اس سے نیب کا کیا تعلق؟ انہوں نے کہا کہ نیب کے خلاف میری تحریکِ استحقاق آج بھی موجود ہے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ تحریکِ استحقاق واپس ہوگی تو یہ غلط فہمی ہوگی۔ حالات ایسے بن گئے ہیں کہ میں مختلف قدم اٹھائوں گا۔ اس موقع پر بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی صاحبزادی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والد صاحب کا کوئی ٹرائل نہیں ہوا تھا اور وارنٹ جاری ہوئے۔ میرے والد پر کرپشن کا کوئی چارج نہیں تھا۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب کا سسٹم انسان کو اندر سے اتنا کھوکھلا کر دیتا ہے کہ وہ مر ہی جائے۔ نیب کو جس کام کے لیے بنایا گیا ہے اسے وہ کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اس وقت ڈری ہوئی ہے جبکہ میں نے خود کہا ہے کہ نیب میرے خلاف ریفرنس دائر کرے۔