شام کے صوبہ ادلب میں حکومت کے فضائی حملوں میں درجنوں جنگجو اور شہری ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق حکومتی فورسز کے فضائی حملوں میں 19 شہری ہلاک ہوگئے۔
تازرہ ترین پرتشدد حملوں کے بعد روس کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ بھی سبوتاژ ہوگیا۔
انسانی حقوق کے شامی مبصر گروپ کے سربراہ رامی عبدالرحمٰن نے بتایا کہ گزشتہ روز نصف شب کو حملہ ہوا۔
ان کے مطابق حملے میں کم از کم 26 حکومت مخالف جنگجو مارے گئے جن میں سے بیشتر حیات تحریر الشام کے رکن تھے۔
مبصر گروپ نے کہا کہ مذکورہ لڑائی میں 29 سرکاری فوجی اور اتحادی ملیشیا کے اہلکار بھی مارے گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کے زیر کنٹرول حلب شہر کے ایک رہائشی علاقے پر راکٹ فائر کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ دہشت گرد گروپ کی جانب سے فائر کیے گئے راکٹ سے 6 شہری ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے انکشاف کیا تھا کہ دنیا بھر میں جاری جنگی محاذوں پر بچوں پر حملوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں 2010 کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔