آپؐ کا اسوہ حسنہ مکمل ضابطہ حیات ہے ، ڈاکٹر علامہ سجاد ساجد
گوجرخان (نامہ نگار)نبی ؐپاک کی ذات اقدس وہ واحد ذات کامل ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے وہ تمام اوصاف پیدا کئے ہیں جو انسانی زندگی کیلئے مکمل لائحہ عمل بن سکتے ہیں آپؐ کا اسوہ حسنہ مکمل ضابطہ حیات ہے ان پر عمل کر کے انسان دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتا ہے آپؐ کی اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپؐ رحمت کے خزانے بلاتخصیص جنس و مذہب وملت تمام انسانوںاور حیوانات و جمادات کیلئے تھے خوش نصیب ہے ایسی اولاد جو اپنے والدین کے ایصال ثواب کیلئے میلاد النبیؐ کی محفل منعقد کراتی ہے، ان خیالات کااظہار معروف عالم دین ڈاکٹر علامہ سجاد ساجد نے پوٹھوہار پریس کلب میں پریس کلب کے بانی وسابق صدر ملک وزیر محمد کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ محفل میلادؐ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا محفل میلادؐ کی ابتداء تلاوت کلام پاک سے ہوئی جس کی سعادت شارق مدنی نے حاصل کی سید مرتضیٰ حیدر شاہ ، حافظ احتشام انجم، مرز اندیم اوررمضان مرزا ایڈووکیت نے نعت شریف پیش کی، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجہ محمد جواد، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مرزا رمضان، انجمن تاجران کے رہنما حاجی چوہدری محمد اقبال ، سید ندیم عباس بخاری سمیت پوٹھوہار پریس کلب کے صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، آخرمیں ملک وزیر محمد کے ایصال ثواب،ملکی سلامتی اور عالم اسلام اور بالخصوص کشمیر کے مسلمانوں کیلئے دعا کی گئی، اس موقع پر راجہ محمد جواد نے کہا کہ بابائے صحافت ملک وزیر محمد مرحوم کی صحافتی خدمات قابل تحسین ہیں، صدر مرکزی انجمن تاجران حاجی چوہدری محمد اقبال نے کہا کہ حاجی ملک وزیر محمد نے جس طرح صحافت کی وہ صحافیوں کیلئے مشعل راہ ہے ان کی صحافتی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مرز اعبدالرحمن اور ان کے برادر اصغر محمد رمضان مرزا ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ نڈر اور بے باک صحافی تھے۔