نبی کریمؐ کاوضع کردہ معاشی نظام ہی مسائل کا حل ہے:شاہد رشید
لاہور (پ ر) نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی ؐکے وضع کردہ اقتصادی نظام میں ہی ہمارے تمام معاشی مسائل کا حل پوشیدہ ہے۔ اگر آپؐ کی معاشی حکمت عملی کو بروئے کارلایا جائے تو ہمارے معاشرے سے بھوک‘ افلاس اور محروم طبقات کے معاشی استحصال کا جڑ سے خاتمہ ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اقتصادیات کے معروف ریسرچ سکالر اور طویل عرصہ تک سٹیٹ بینک آف پاکستان میں خدمات انجام دینے والے محمد منیر احمد کے دورۂ ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر کرنل (ر) مقصود مظہر بھی موجود تھے۔ محمد منیر احمد نے اپنی تازہ ترین تصنیف Madina Economics .... The First Economic System Of The Mankind شاہد رشید کو پیش کی۔ شاہد رشید نے کتاب کی اشاعت کو بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے محمدمنیر احمد کو مبارکباد دی اور کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پہلے ہی اس پہلو پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے افتتاح کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناحؒ کا خطاب وطن عزیز کے اقتصادی نظام کے لئے رہنما اصول کا درجہ رکھتا ہے۔
کتاب کے مصنف محمد منیر احمد نے بتایا کہ یہ کتاب طویل تحقیق کا نتیجہ ہے اور اس میں تاریخی لحاظ سے مستند حقائق اور اعدادو شمار شامل کئے گئے ہیں۔ اگرچہ یہ 1400 سال پرانا منصوبہ ہے مگر آج کے معاشی مسائل کا مکمل حل پیش کرتا ہے۔