پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن وسلامتی یقینی بنانے کیلئے اپنا کردارجاری رکھے گا.دفتر خارجہ
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام یقینی بنانے میں اپناکردار ادا کرتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہاکہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور اس کے ایران ،سعودی عرب اور امریکہ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ایران اور سعودی عرب میں اپنی ملاقاتوں کے دوران پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اور ہم امن کے علمبردار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پانچ ماہ میں دوسری بار بریفنگ مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار اجاگر کرنے کیلئے پاکستان کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا اعادہ ہے کہ کشمیر عالمی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سات عشروں سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندہ ایلس ویلز کا دورہ پاکستان متوقع ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔