نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو وردی مخالف نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے دراصل ملک کے خلاف بات کر رہے ہیں، ایک سال کے دوران کیس کا نتیجہ نکلتے دیکھا ہے ، قوم صبر اور تھوڑا انتظار کرے ، نقیب اللہ قتل کیس جلدمنطقی انجام تک پہنچے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مقتول نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان نے کیس سے متعلق خصوصی پیغام میں کہا کہ کسی کو لروبر پشتون کے نعرے لگانے کی اجازت نہیں دے سکتا، سیاسی جماعتوں کو وردی مخالف نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے دراصل ملک کے خلاف بات کر رہے ہیں۔ پشتون قوم پاکستان کاحصہ ہے اور پاک فوج اس کی محافظ ہے۔ پاک فوج ملک میں امن واستحکام لارہی ہے۔ پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے ملک دشمن ہیں،قوم فوج کے ہاتھ مضبوط کرے تو دنیا کی کوئی طاقت مقابلہ نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں امن ہے اور کوئی دہشت گردی نہیں ہے۔ ہمارا پسماندہ علاقہ بھی ترقی کی جانب گامزن ہے، پاک فوج ہمارے علاقے میں سکول بناتی ہے اوربچوں کی حفاظت کررہی ہے، ہماری قوم کے لوگ دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہوں گے۔نقیب اللہ محسود کے والد نے کہا مجھے امید ہے کہ نقیب اللہ کو انصاف ضرور ملے گا،کسی کی بھی نیت پر شک نہیں ہے، ایک سال کے دوران میں نے کیس کا نتیجہ نکلتے دیکھا ہے ، انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرکے انہیں جیل بھیجا ہے، قوم صبر اور تھوڑا انتظار کرے یہ قانونی معاملہ ہے، نقیب اللہ قتل کیس جلدمنطقی انجام تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ کیس کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنے سے اصل مقصد پیچھے چلا جائے گا، میں نے بیٹے کے نام پر کسی کو بھی فنڈ اکھٹے کرنے کی اجازت نہیں دی ، کوئی بھی اس کیس کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرے گا تو وہ اس کا ذمہ دار خود ہوگا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024