بلائنڈ کرکٹ کونسل نے دورہ سری لنکا کیلئے سلیکشن کمیٹی تشکیل دیدی
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے 3 رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دیدی، کمیٹی سیریز کیلئے ملک بھر سے 28 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرکے ان کی رپورٹ پی بی سی سی کو پیش کریگی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے چیئرمین نے تین رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جس میں اسلام آباد بلائنڈ کرکٹ کلب کے صدر محمد بلال ستی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے دیگر ممبران میں ابرار شاہ اور مسعود جان شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین رکنی سلیکشن کمیٹی 20 جنوری کو 28 کھلاڑیوں کی فہرست پی بی سی سی کو پیش کرے گی اس کے بعد 23 سے 25 جنوری تک انہی کھلاڑیوں کے ٹرائل لئے جائیں گے جن میں سی 15کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائیگا، تاہم 15رکنی حتمی ٹیم کا اعلان آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ فروری میں سری لنکا کا دورہ کرے گی۔ اپنے دورے کے دوران وہ سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین سیریز 20 فروری سے 4 مارچ تک سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کیمپ میں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے سری لنکا بھجوائیں گے۔