حضور ﷺ نے پوری زندگی عمل کا پیکر بن کر گزاری : انجینئر سرفراز علی
کراچی (سٹی ڈیسک) حضور ؐ نے پوری زندگی امن کا پیکر بن کر گزاری اور ہمیں بھی زندگی میں مکمل کامیابی کے لیے سنت نبوی پر عمل پیرا ہو کر گزارنی ہے تاکہ ہم دین اور دنیا میں سر خرو ہو ں ۔ یہ بات سوشل اسٹوڈنٹ فورم کے تحت سیرت النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقدہ تقریری مقابلے جو سر سید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی میں منعقد ہوا سے بحیثیت صدارتی خطبہ دیتے ہوئے کہی ۔ انہوںنے کہا کہ سر سید یونیورسٹی ہر مثبت سر گرمیوں کو فروغ دینے میں فورم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔ انہو ںنے فورم کی خدمات کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ، معروف سماجی رہنما مظہر ہانی نے کہا کہ ہمیں گفتار کا غازی نہیں بلکہ علم و عمل کا غازی بننا ہے اور اپنے ہر عمل سے یہ ثابت کر نا ہے کہ ہم سچے مسلمان اپنے اعلیٰ اخلاق و کردار کے ساتھ تاکہ پوری دنیا کو یہ پیغام جائے کہ ہم ہشت گرد نہیں بلکہ امن و آشتی کے پیروکار ہیں ۔ قبل ازیں فورم کے چیئر مین نفیس احمد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کر تے ہوئے کہا کہ ہم فورم کے پلیٹ فارم سے طلبہ کو مثبت سر گرمیاں مہیا کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پروان چڑھے اور وہ اسکول کے معمار بن کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں ۔ تقریب سے جرمنی سے آئی ہوئی ممتاز ماہر تعلیم اور شاعرہ عشرت معین سیما مہمان اعزازی ، انیق احمد ، ڈاکٹر قیصر وحید شیخ ، سید طارق شاہ ، پرویز صادق ، فورم کے سرپرست انجینئر وسیم احمد فاروقی ، اسد زیدی ، پروفیسر حافظ نسیم الدین نے بھی خطاب کیا جبکہ فورم کے ایڈیشنل سیکریٹری ، مسعود احمد وسیع ، پروفیسر ڈاکٹر فلک ناز نے منصفین کے فرائض انجام دئیے فورم کے سیکریٹری جنرل سید شائق شہاب نے فورم کے اغراض و مقاصد بیان کیے جبکہ وائس چیئر مین فہیم برنی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس تقریب میں پرویز صادق، انجینئر ارسلان سعید ، عشرت سیما معین ، ڈاکٹر قیصر وحید شیخ ، انیق احمد اور سید سرفراز علی کو ایوارڈ اور مہمان خصوصی مظہر ہانی کو فورم کا نشان سپاس پیش کیا ۔ نتائج کے مطابق اسکولوں میں اول ملائکہ قریشی ، بحریہ یونیورسٹی کے جنید آصف ، سر سید یونیورسٹی کی سمیعہ بتول اور ابو زر غفاری ، محمد عاصم کو خصوصی انعام دیا گیا ۔