عبید رضا کے بون میرو کے لئے رقم کی عدم فراہمی‘ چیف سیکرٹری سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
کراچی(نیوزرپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں 16 سالہ عبید رضا کے بون میرو کے لئے رقم جاری نہ کرنے کا معاملہ ،چیف سیکریٹری سندھ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہیلتھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ۔درخواست عبید رضا کے بھائی امجد علی کی جانب سے دائر کی گئی جس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے 16 جنوری کو سماعت کی تارخ مقرر کردی ۔درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق کا موقف ہے کہ عیبد رضا کے علاج کے لئے حکومت کی جانب سے رقم جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی،حکومت سندھ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی تھی ، عدالت نے مدعاعلیہان کو عبید رضا کے علاج کے لئے رقم جاری کرنے حکم دیا تھا ،عدالتی حکم کے باوجود حکومت نے تاحال علاج کے لئے پیسے جمع نہیں کرائے، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ میرا 16 سالہ بھائی عبید رضا بون میرو جیسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہے،حکومت سندھ نے بائیس نومبر کو علاج کے لئے 36 لاکھ روپے کی منظوری دی تھی ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت منظوری کے باوجود رقم جاری نہیں کررہے،رقم جاری نہ ہونے سے میرے بھائی کی جان کو خطرہ ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ عبید رضا کے علاج کے لیے فوری رقم جاری کرنے کا حکم دیا جائے ۔