اپوزیشن کے اتحاد سے دبائو میں نہیں آئیں گے :نصرت واحد
کراچی(سٹی ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اتحاد سے دبائو میں نہیں آئیں گے، پیٹ پھاڑ کر لوٹ مار کا پیسہ وصول کرنے کے دعوے کرنے والے شہباز شریف این آر او کیلئے آصف علی زرداری سے جاملے ہیں۔ تحریک انصاف احتساب کے عمل سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ملک کا خزانہ لوٹنے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں اضافے، فنانس بل سمیت عوامی فلاح و بہبود کیلئے بل قومی اسمبلی سے منظور کروائیں گے۔ اپوزیشن کے واک آئوٹ سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ایوان نہ چلنے دینے کے تمام حربے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری اور شہبازشریف دیگر جماعتوں کو ساتھ ملا کر اپنی اپوزیشن بچانے اور کیسز سے نجات کیلئے بلیک میلنگ کی سیاست سے حکومت کو ٹف ٹائم دینا چاہتے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اصولوں پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ نصرت واحد نے کہا کہ چوروں، لٹیروں کے کڑے احتساب کیلئے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا ہے۔ ملک میں نظام کی تبدیلی کیلئے آخری دم تک لڑیں گے۔ 5 سالہ دور میں فرسودہ سسٹم کیخلاف انقلابی تبدیلیاں لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کڑے احتساب کیلئے موجودہ قوانین میں تبدیلی ناگزیر ہے، جلد ہی نئی قانون سازی کی جائے گی۔