سرجانی سیکٹر7-D کے مکین پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم ہیں:فرخ سلطان شمسی
کراچی (سٹی ڈیسک) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے سیکریٹری امورسماجی بہبود فرخ سلطان شمسی نے سرجانی کے مکینوں کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ سرجانی سیکٹر7-Dاور ملحقہ سیکٹرز کے مکینوں کے لئے جہاں دیگر بنیادی سہولیات ناپید ہیں وہیں ان سے پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی چھین لی گئی ہے، اس روڈ پر چلنے والی واحد ٹرانسپورٹ خان کوچ نے اپناروٹ بدل کر بھینس کالونی روڈ پر کرلیاہے جس کی وجہ سے مسافروں کو تقریباً آدھاکلومیٹرپیدل چل کر جاناپڑتاہے جس سے خاص طورپر خواتین ،بزرگ افراد اور بچے پریشان ہیں۔دوسری جانب تماشہ یہ ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے اپنی مرضی سے کرایوں میں بے پناہ اضافہ کررکھاہے، لیکن حیرت کی بات ہے حکومتی ادارے بے حسی کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں، کوئی پوچھنے والاہی نہیں ہے کہ آخر کس کے کہنے پر کرایوں میں ہوشربااضافہ کردیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ مالکان ڈیزل کے اعتبارسے کرائے وصول کرتے ہیں لیکن رکشوں سمیت تمام بسیں CNGپر چلائی جارہی ہیں،ڈیزل سے CNGپر لانے کے باوجود کرائے کم نہیں کئے گئے،مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہاہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے۔حکومت فوری طورپر نوٹس لے اور علاقہ مکینوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کرایوں میں خاطرخواہ کمی کرائے۔