کراچی میں حادثات، 4 افرا د ہلاک، 5 زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) سپر ہائی وے اور کراچی کے مختلف علاقوں میں حادثات کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ سپر ہائی وے پر دادا بھائی سیمنٹ فیکٹری کے قریب تیز رفتار ٹرالر اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 27 سالہ احمد ہلاک جبکہ کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں خیابان شہباز پر تیز رفتار پولیس موبائل نمبر ایس پی ایم 777 نے موٹر سائیکل سوار 3 نوجوانوں کو روند دیا جس کے نتیجے میں 18 سالہ ابرار ولد صدیق جاں بحق جبکہ 18 سالہ سعود ولد طارق اور 17 سالہ محمد کامران ولد امیر حمزہ زخمی ہو گئے۔ حادثے میں ملوث پولیس موبائل سابق ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کے اسکواڈ میں شامل تھی۔ گلشن معمار میں 22 سالہ الیکٹریشن رمیش ولد دیپک گھر میں بجلی کا کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ اس کے علاوہ اورنگی کے علاقے گلشن بہار میں تیز رفتار ڈمپر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دودھ کی دکان میں گھس گیا جس کے نتیجے میں دکان میں موجود 26 سالہ شہر یار ہلاک اور 42 سالہ قیوم سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔