بغیر ویزہ اسلام آباد ائرپورٹ پہنچنے والی امریکی خاتون کو ڈی پورٹ کردیا گیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے امیگریشن حکام نے بغیر ویزہ اسلام آبادایئرپورٹ پہنچنے والی امریکی خاتون کو ڈی پورٹ کردیا، جبکہ جعلی بزنس ویزہ پر جنوبی افریقہ جانے والے مسافر کوآف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا۔ امریکی شہری سونیا سیتا غیر ملکی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھی، جو بغیر ویزے کے پاکستان داخل ہونا چاہتی تھی۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون قطر ایئرلائن کے ذریعے دوحہ سے اسلام آباد آئی تھی۔ ایف آئی اے کے اہلکاروں نے سونیا کا پاسپورٹ چیک تو معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون بغیرویزہ پاکستان پہنچی ہے۔ دوسری کاروائی کے دوران ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ جعلی بزنس ویزہ پر جنوبی افریقہ جانے والے مسافر کوآف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا۔ کاغذات کی جانچ پڑتال پر سوات کے رہائشی محمد نعیم کا جنوبی افریقہ کا بزنس ویزہ جعلی نکلا مسافر قطر ائیر لائن کی پرواز کیو آر 633 سے اسلام آباد سے جنوبی افریقہ براستہ دوہا جا رہا تھا ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔