ایم پی اے مظہر عباس راں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پا گئے
قادر پورراں (نامہ نگار) ایم پی اے ملک مظہر عباس راں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پا گئے۔ نماز جنازہ آج صبح دس بجے حسین ملز بائی پاس قادر پورراں میں ادا کی جائیگی۔ میت گھر پہنچنے پر کارکن دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ تفصیل کے مطابق حلقہ پی پی 218 کے ایم پی اے تحریک انصاف کے رہنما ملک مظہر عباس راں کو گزشتہ روز لاہور میں دوران اسمبلی اجلاس بلڈ پریشر بڑھنے پر گنگارام ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بعدازاں کارڈیالوجی میں داخل کروایا گیا مگر صبح دس بجے حرکت قلب بند ہونے پر وفات پ گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پورے حلقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ بعدازاں شام چار بجے ان کی میت ان کے آبائی گھر قادر پورراں میں لائی گئی۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج صبح دس بجے قادر پورراں بائی پاس نزد حسین ملز ادا کی جائے گی۔ مرحوم تین دفعہ صوبائی اسمبلی کے رکن رہے۔ مرحوم نے لواحقین میں ایک بیوہ اور تین بیٹوں کو سوگوار چھوڑا۔ ملک مظہر عباس راں نے طالب علمی سے سیاست میں حصہ لیا۔ کالج میں سٹوڈنٹ یونین کے صدر رہے اور 3 مرتبہ ایم پی اے بنے۔ اس وقت بھی وہ پی ٹی آئی کے حلقہ پی پی 218 سے ایم پی اے تھے۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن کے رہنما ملک عبدالغفار ڈوگر نے کہا ہے کہ ملک مظہر عباس راں کی موت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پورا نہیں ہو سکے گااعلاقاء سیاسی زندگی میں انہوں نے اپنا لوہا منوایا ہم ان کی اچانک موت پر لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ ان کو جنت میں اعلی مقام دے ۔