راولپنڈی میں گیس پریشر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں‘ فیاض الحسن چوہان
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ راولپنڈی میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوںکو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں ماڈل کالونی یونین کونسل 22 راولپنڈی میں سوئی گیس کی پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ سوئی گیس کے حکام کو شہریوں کی مشکلات سے آگاہ کیا گیاہے اور یہ ہدایت کی گئی ہے کہ جن علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں غیر معمولی کمی ہے اسے دور کرنے کے لئے ہر ممکن کاوشیں بروئے کار لائیں جائیں اور نئی گیس پائپ لائنیں بچھا کر سوئی گیس کے پریشر میں کمی دورکی جائے۔ گزشتہ روز ڈھوک کالا خان میں سوئی گیس پائپ لائن کی کھدائی کا کام شروع ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کا شکریہ اد ا کیا۔ معززین علاقہ راجہ یونس، راجہ آصف بھولا اور قاضی اویس نے کہاکہ سوئی گیس کی نئی لائنیں بچھ جانے سے علاقے میں گیس کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا اور عوامی مشکلات دور ہوں گی۔