کٹھ پتلی وزیراعظم غریب کسانوں سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیں: بلاول بھٹو زرداری
لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ آئی این پی) حکومت پنجاب نے آلو کی ایکسپورٹ کا مطالبہ تسلیم کرلیا جس کے بعد لاہور میں جاری کسانوں نے احتجاج ختم کردیا۔ پاکستان کسان اتحاد نے اپنے مطالبات کے حق کیلئے مال روڈ پر دھرنا دیا تھا جس میں انکا مطالبہ تھا کہ آلو کی ایکسپورٹ کی اجازت دی جائے جس کیلئے لاہور میں احتجاج کیا جا رہا تھا۔ گزشتہ روز وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال اور کسان اتحاد کے نمائندوں خالد کھوکھر کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ وزیر زراعت پنجاب نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے کسانوں کے نمائندوں کی بات کروائی۔ اسد عمر کی یقین دہانی کے بعد کسانوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔ مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا، کسانوں کا آلو کی قیمت بڑھانے اور برآمد کی اجازت دینے کا مطالبہ تھا۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کسانوں سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیں، کسان آلو کی فصل اس لئے جلا رہے ہیں کیونکہ انہیں محنت کا پھل نہیں مل رہا مگر حکومت غریب کسانوں کی بات سننے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کا استحصال بند کرے۔