جوہر ٹائون میں ڈولفن فورس کی کارروائی، 7 سالہ بچہ بازیاب، ملزم گرفتار
لا ہور (نامہ نگار) ڈولفن سکواڈ پولیس نے جوہر ٹائون سے اغوا ہونے والے7سالہ بچے کو بازیاب کراکر ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈولفن ٹیم کو اطلاع موصول ہوئی کہ جوہر ٹائون کے علاقہ اجودھیا پور، بیڑھ پنڈ سے ایک شخص سات سالہ بچے کو اغوا کرکے لے گیا ہے، ٹیم موقع پر پہنچی تو کال کرنے والی خاتون نے بتایا کہ میرے 7سالہ بیٹے احمد کو کوئی اٹھا کر لے گیا۔ ڈولفن ٹیم نے کارروائی کرتے ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا اور بچہ بازیاب کر اکر اس کی والدہ کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزم علی رضا نے بتایا کہ وہ خاتون سے شادی کا خواہاں تھا، جس پر بچے کو اٹھاکر لے گیا تھا۔ ملزم مقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال ظفر نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ نے بلاشبہ پیشہ وارانہ مہارت اور اپنے فرائض کی ادائیگی میںکوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ ایس پی ڈولفن سکواڈ بلال ظفر نے ڈولفن ٹیم 129کو تعریفی اسناد دینے کا حکم دیا ہے۔