اپوزیشن جماعتیں کرپشن بچانے کیلئے اکٹھی ہورہی ہیں:جمشیداقبال چیمہ
لاہور(نیوزرپورٹر)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف)سمیت دیگر جماعتیں کسی نظریے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ایک چھت تلے اکٹھے ہو رہی ہیں ،ملک میں کسی طرح کا کوئی بحران نہیں البتہ کرپشن کرنے والوں کو ضرور بحران کا سامنا ہے ، ٹھگوں کا ٹولہ جس طرح کا مرضی اتحاد کر لے حکومت کسی دبائو کے تحت احتساب کے اداروں کو اپنے کام سے نہیں روکے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی دفتر میں کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ملکی خزانے کو لوٹنے والوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔ اپوزیشن حکومت پر دبائو بڑھانے کیلئے بڑھکیں لگا رہی ہے لیکن ہمیں ان کا کوئی خوف نہیں ۔ عوام اتنے بیوقوف نہیں کہ اپنا خون چوسنے والوں کیلئے سڑکوں پر آئیں اور انہیں تحفظ دیں ۔انہوںنے کہا کہ اپوزیشن احتساب کے عمل کو روکنے کیلئے ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کر رہی ہے لیکن ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا جائے گا اور انہیںمنہ کی کھانا پڑے گی ۔