ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کا معاشی قتل ہے:حافظ نصیر احمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر حافظ نصیر احمد نورانی ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو غریب عوام کے معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ابھی تک عوام کو کسی بھی طرح کوئی ریلیف دینے میں ناکام رہے ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم کی ٹیم کو غریب عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں حکومت ادویات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو فوراً واپس لے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے نئے حکمرانوں سے بہت سی توقعات وابستہ کی تھیں مگر بدقسمتی سے اندرون اور بیرون قرضوں کا بوجھ بھی غریب عوام کے کندھوں پر ڈالا جارہا ہے جو حکمرانوں کے لئے اچھا شگون نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ختم نبوت ہمارے ایماں کی اساس ہے اس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ قادیانی مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے ناموس رسالت قانون کے خلاف عمل پیرا ہیں مگر رسول اکرم کے غلاموں نے ہر دور میں ان سازشوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کسی ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔