استحصالی نظام کے خاتمہ کے لیے ہم آخری حد تک جائیں گے:میاں اسلم
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ مدینہ کی طرز پر پاکستان کو اسلامی ریاست صرف جماعت اسلامی بنا سکتی ہے۔ استحصالی نظام کے خاتمہ کے لیے ہم آخری حد تک جائیں گے۔مظلوم کی مدد کرنا اور ظالم کا ہاتھ روکنا مسلمان کا فرض ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور امن و امان کی مخدوش صورتحال اسلامی نظام سے دوری کے سبب ہے۔پڑھے لکھے نوجوان روزگار سے محروم اور سخت پریشان ہیں۔ماںباپ مزدوری کرکے اپنے بچوں کو پڑھاتے ہیں مگر اعلیٰ تعلیم کے باوجود جب انہیں نوکری نہیں ملتی تو پورا گھرانہ مایوسی اور محرومی کی اتھاہ گہرائیوں میں گم ہوجاتا ہے۔اسلام آباد جیسے شہر میں لوگوں کو تعلیم علاج اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے تو امت مسلمہ کو قیادت اور انسانیت کی راہنمائی کا فریضہ سونپا تھا مگر آج عالم اسلام قیادت سے محروم ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے اور کوئی اس کے خلاف آواز اٹھانے والا نہیں ۔