حکومت عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کررہی ہے:ذکراللہ مجاہد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جان بچانے والی ادویات میں اضافہ عوام پر ظلم او ربربریت ہے ۔ حکومت عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ان کی پہنچ سے دور کر رہی ہے ۔پہلے ہی غریب اور سفید پوش طبقات کے لوگ کمرتوڑ مہنگائی کے ہاتھوں غربت کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں اب ڈرگزریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کی بجائے ان میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ۔ بجلی ، پٹرول ، گیس کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے کے بعد صحت کی سہولیات کو عوام کی پہنچ سے دور کرنا عوام دشمن پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا ادویات ساز کمپنیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دینا قابل مذمت ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ ادویات ساز کمپنیوں کے منافع کا فرانزک آڈٹ کروائے تاکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے اصل حقائق سامنے آ سکیں۔