حکومتی وزراء کا رویہ اپوزیشن کو متحد کرنے کا موقع فراہم کررہا ہے:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں ملک بھر سے آئے ہوئے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزراء خصوصاً وزیراعظم کا اسلوب حکمرانی اور پارلیمنٹ کو نظر انداز کرنے کا رویہ اپوزیشن کو متحد کرنے کے مواقع دے رہاہے ۔ حکومتی نااہلی و ناکامی کرپٹ مافیا کو مضبوط پناہ گاہیں مہیا کر رہی ہے ۔ سب کے احتساب کے لیے بلاامتیاز احتساب ناگزیر ہے ۔ کسی ایک جگہ کسی پارٹی کا مینڈیٹ چورایا گیا تو سب کے مینڈیٹ پر ڈاکہ پڑے گا ۔ فارورڈ بلاک بنانے کے لیے حکومتی طاقت کے اعلانات غیر جمہوری ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 5 فروری کو ملک بھر میں جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی اور ہندوستان کے مظالم کے خلاف اور عالمی برادری کو جھنجھوڑنے کے لیے تاریخ ساز عوامی مظاہرے ہوں گے ۔ مرد و خواتین ، پیر و جوان ، طلبہ و طالبات سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر پر پالیسی واضح کریں اور قومی کشمیر پالیسی کی تشکیل کے لیے پارلیمنٹ کو فعال بنایا جائے ۔