فوجی عدالتوں کو توسیع دینا وقت کا اہم تقاضہ ہے
مکرمی! میری طرح ہماری آبادی کا ایک معقول حصہ ایسا ہے جو غیر سیاسی ہے۔ ایسے لوگوں کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی لگائو نہیں، وہ صرف اور صرف پاکستانی ہیں اور پاکستان کو ہر صورت میں مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ہمارا بے لاگ تجزیہ یہ ہے کہ ہماری بہادر افواج نے سابقہ آرمی چیف جنرل (ر) شیردل راحیل شریف اور موجودہ آرمی چیف بہادر جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں دیگر تمام اداروں سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے بڑی حد تک ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی ہے۔ اندرونی چوروں، ڈاکوئوں کی بہت حد تک سرکوبی کی ہے۔ بھتہ خوری کی برسوں کی لعنت سے کراچی شہر کو نجات دلائی ہے ہمارے قابل فخر افسروں اور جوانوں نے سینکڑوں کی تعداد میں وطن کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ملک کے ہر ادارے کو اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ سب سے بڑھ کر فوجی عدالتوں نے بڑی سرگرمی اور جانفشانی سے درجنوں دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکانے کے دلیرانہ فیصلے کئے ہیں۔ بلاشبہ ایسے جرأت مندانہ فیصلے سول عدالتوں کے بَس کی بات نہ تھی۔ لہٰذا ہماری تمام سیاسی پارٹیوں سے استدعا ہے کہ وہ اس مسئلہ کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے متفقہ طور پر فوجی عدالتوں کی توسیع کا فوری اہتمام کریں۔ اسی میں ملک اور قوم کی بھلائی ہے۔ (چوہدری اسد اللہ خاں اچھرہ لاہور )