ٹرمپ کے بعض اقدامات معطل کرنے والے ججوں کے مواخذے کی تیاری، کانگریس میں بل پیش کیا جائیگا

Feb 17, 2025

ٹیکساس (نوائے وقت رپورٹ) کانگریس میں ایک نیا بِل پیش کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ان وفاقی ججز کے خلاف مواخذے کی کارروائی کا آغاز کیا جا سکتا ہے جنہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعض اقدامات کو معطل کیا تھا۔ کچھ ریپبلکن ارکان اس اقدام کی حمایت کر رہے ہیں، جس سے عدلیہ اور ایگزیکٹو کے درمیان تناؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ وائٹ ہاؤس اور ٹرمپ کے حامی اسے ’’حکومتی اختیارات کی بحالی‘‘ کے طور پر دیکھ رہے ہیں جبکہ ناقدین اسے عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دے رہے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وفاقی ججز کے فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ شاید ان ججز کو بھی ’’دیکھنے کی ضرورت ہے‘‘ کیونکہ یہ ایک ’’سنگین خلاف ورزی‘‘ ہے۔ ادھر امریکی ایلچی جنرل کیتھ کیللاگ نے تصدیق کی روس یوکرائن جنگ کے خاتمہ کے لئے امن مذاکرات سے یورپ کو خارج کر دیا گیا۔ مغربی طاقتوں کو روس پر موثر پابندیاں لگانے کی ضرورت ہے۔  فن لینڈ کے صدر نے ان کا یہ اعلان مسترد کر دیا اور کہا آپ ایسا نہیں کر سکتے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطے پر ترجمان کریملن نے بیان میں کہا کہ اب روس اور امریکہ جنگ کی بجائے امن کی بات کریں گے۔ ہم اب بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ موجودہ حالات میں صدور کا رابطہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔

مزیدخبریں