عارضی جنگ بندی ڈیل امید افزا‘ افغانستان میں امن کو موقع دیا جائے: امریکہ
واشنگٹن ‘اسلام آباد (آئی این پی‘نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا ممکنہ معاہدہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔ بظاہر بہت امید افزا ہے تاہم اس سے خطرہ ختم نہیں ہوا۔ میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن کو موقع دیا جائے۔ مارک ایسپر نے ان خیالات کا اظہار ایک اعلی امریکی عہدیدار کے اس بیان کے بعد کیا کہ طالبان کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے اور اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ جرمنی کے شہر میونخ میں افغانستان جے صدر اشرف غنی سے ملاقات ہوئی ہے۔ افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ تمام افغانوں سے گزارش ہے کہ 4 دہائیوں سے جاری جنگی فضا ختم کریں۔ زلمے خلیل زاد نے مزید کہا میونخ میں امریکی اہم قانون سازو اور سینیٹرز سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اس ملاقات میں تشدد کو کم کرنے اور جنگ کے خاتمے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدے دار کے مطابق تشدد میں کمی کا سمجھوتہ مکمل سیز فائر نہیں ہے، اس کا اطلاق صرف امریکا اور طالبان پر نہیں بلکہ افغان حکومت پر بھی ہو گا۔ معاہدے کے الفاظ بہت واضح ہیں جن میں سڑک کنارے بم دھماکے، خودکش حملے اور راکٹ حملے کے الفاظ بھی شامل ہیں۔ ادھر افغان رہنما ئوں کا بیان امریکہ معاہدہ جلد ہونے کی خوشخبری سنا دی گئی۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے سابق وزیر اور حامد کرزئی کے دست درست عمرزاجیل وال نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں۔ رواں یا اگلے ماہ طالبان اور ایک معاہدہ ہو جائے گا۔ سابق افغان سفیر اور اشرف صنا کی الیکشن مہم کے انچارج عمر دائود زئی نے کہا کہ طالبان امریکہ امن معاہدہ اب دنوں کی بات ہے مشترکہ حملہ جلد کابل سے جاری کیا جائے گا۔ عمران زخیل وال نے کہا کہ امن مذاکرات کی حمایت افغان قیادت اور طالبان دونوں فریق کر رہے ہیں مذاکرات کا فیصلہ کن مرحلے میں ہے۔ جلد طالبان اور امریکہ میں تحریری معاہدے کی خبر سنیں گے مذاکرات میں پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔ عمر دائود زئی نے کہا کہ امریکہ اور طالبان میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ جنگ ختم ہونے کو ہے چار نکات پر مذاکرات ہوئے پہلا القاعدہ سے طالبان کے تعلق کا خاتمہ دوسرا امریکی افواج کا انخلاء تیسرا جنگ بندی اور چوتھا بین الاقوامی سطح کے مذاکرات ہیں۔