پاکستان بھارت کو دھول چٹا کر پہلی مرتبہ کبڈی کا عالمی چیمپئن بن گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) نئی تاریخ رقم ہو گئی پاکستان بھارت کو دھول چٹا کر پہلی بار کبڈی کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ دفاعی چیمپئن بھارتی ٹیم اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ فائنل میں میزبان پاکستان ٹیم نے 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر کے کبڈی کا ورلڈ چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایران نے آسٹریلیا کو شکست دیکر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں پاکستان کبڈی فیڈریشن، سپورٹس بورڈ پنجاب کے اشتراک سے منعقد ہونے والے عالمی کپ کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ میچ کے ہاف ٹائم تک دفاعی چیمپیئن بھارتی ٹیم کو 18 کے مقابلے 24 پوائنٹس سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار کھیل دیکھنے میں آیا۔ پاکستان کی جانب سے شفیق چشتی، بنیامین، کپتان عرفان جٹ نے شاندار کھیل پیش کیا۔ آخری منٹ میں پاکستان کو بھارت پر چار پوائنٹس کی برتری حاصل تھی کہ یقینی ہار دیکھ کر بھارتی ٹیم کے کھلاڑی رو پڑے۔ بھارتی آفیشلز میدان میں آ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سرکل سے باہر لے گئے۔ تاہم ٹورنامنٹ انتظامیہ کی کوششوں سے بھارتی ٹیم کو دوبارہ میدان میں لایا گیا۔ میچ کا اختتام پاکستان کی بھارت کے خلاف 41 کے مقابلے 43 پوائنٹس کے ساتھ برتری سے ہوا۔ پاکستان ٹیم نے دو پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر کے کبڈی کا ورلڈ چیمپیئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں ایران نے آسٹریلیا کو شکست دیکر وکٹری سٹینڈ پر رسائی حاصل کی۔ پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسری پوزیشن کے میچ میں ایران ٹیم نے میچ کے آغاز پر ہی حریف ٹیم پر برتری حاصل کر لی۔ میچ کے ہاف ٹائم تک ایران کو آسٹریلیا کے خلاف 16 کے مقابلے 30 پوائنٹس سے برتری حاصل تھی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی ایران ٹیم کے کھلاڑیوں کا شاندار کھیل جاری رہا اور میچ کا اختتام ایران ٹیم نے 33 کے مقابلے 54 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر ایرانی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے اپنے ملک کا پرچم اٹھا کر گرائونڈ کا چکر لگایا اور شائقین سے داد وصول کی۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر تعلیم نعمان لنگڑیال، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین، سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا محمد سرور، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر ایس بی پی حفیظ بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ریویو لیے گئے۔ بھارت کی جانب سے ہر پوائنٹ پر ریویو لیکر ٹائم آوٹ مانگا جاتا رہا جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے فیئر پلے کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان ٹیم کی جیت پر ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ پاکستان کبڈی ٹیم کی بھارت کے خلاف کامیابی پر شائقین کبڈی نے قومی کھلاڑیوں کو کندھوں پر اٹھا لیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے خوشی میں سٹیڈیم کا چکر لگایا۔ شائقین کبڈی نے پاکستان زندہ باد، کبڈی ٹیم زندہ باد، جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے عالمی کپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سوا دو کروڑ روپے انعامی رقم تقسیم کی گئی۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ، رنر اپ کو 75 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔ بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان نمی گوپال پوریا نے پاکستان کو کھیلوں کے لئے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دے دی۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ورلڈ کپ فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان نمی گوپال پوریا نے کہا کہ پاکستان آ کر ہمیں بہت اچھا لگ رہا ہے اور یہ کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں اور ہر ملک کی ٹیم کو یہاں آ کر ضرور کھیلنا چاہئے۔ ہمیں یہاں بہت پیار ملا اور اگر دوبارہ آنے کا موقع ملا تو ہم ضرور آنا چاہیں گے۔ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے آبزرور چوہدری ہیمراج بھارتی میڈیا پر برس پڑے۔ اپنے دورہ لاہور کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کے بیانات میں کوئی صداقت نہیں۔ بھارتی حکومت چاہتی تو ٹیم کو بارڈر پر روک لیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آفیشلی ویزے جاری کیے گئے۔ تمام کھلاڑیوں کے پاس بیس فروری تک ویزے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے کھلاڑیوں سے انڈیا کا جھنڈا نہ اٹھانے کا کہا، تمام کھلاڑی انڈین ہیں بھارت کا جھنڈا نہیں تو پھر کونسا جھنڈا اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات بہت اچھے طریقے سے کیے گئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کبڈی ورلڈ کپ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ تمام کبڈی ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ فائنل مقابلے میں کھیل کا معیار بہت عمدہ تھا۔ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ کھیل کا اچھا مظاہرہ کرنے پر دونوں ٹیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔امریک قونصلیٹ نے کبڈی ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ امریکی قونصلیٹ کا کہنا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020 جیتنے پر پاکستان کے عوام اور کبڈی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بھارت سے کبڈی میچ جیتنے پر پہلوانوں کے شہر میں جشن کا سماں تھا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ شہریوں سمیت کبڈرز نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ نامور کبڈر نوید پہلوان کے گھر پر بھی جشن کا سماں تھا۔