مکرمی! آپ کے مؤقر جریدے کی وساطت سے متعلقہ حکام کی توجہ ضلع فیصل آباد کی حدود میں واقع میونسپل کمیٹی کھرڑیانوالہ کی ناک تلے مین بازار میں جامع مسجد ابوبکر کے قریب نکاسی آب کے نالے کی بندش کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ سرکاری نالے میں 52 گھروں کے سیوریج کا پانی گرتا ہے۔ اکثر و بیشتر نالے کی بندش کے باعث سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جبکہ کئی کئی دن پانی مسجد کے آس پاس کھڑا رہنے سے نمازیوں اور دیگر راہگیروں کے لیے اذیت کا باعث بنتا ہے۔ بارہا گزارشات کرنے کے باوجود ایڈمنسٹریشن میونسپل کمیٹی کھرڑیانوالہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ کیا اس مسئلے کے لئے وزیر اعلیٰ یا گورنر سے درخواست کرنا پڑے گی، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ہی کچھ مہربانی کریں۔ (علامہ طارق محمود (ریٹائرڈ سینئر ہیڈ ماسٹر) و جملہ شہریان کھرڑیانوالہ ضلع فیصل آباد)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024