چینی انجینئر پاکستان کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کررہے ہیں: خواجہ احمد حسان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر چین میں نئے سال کے آغاز کی مناسبت سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے وابستہ چینی انجینئرز اور ماہرین کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی انجینئرز اور ہنرمند اس کی ترقی کے لئے نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور ان کی ناقابل فراموش خدمات دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گی۔ چینی باشندے نئے سال کی تقریبات اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے کے لئے ہزاروں میل کا سفر کرتے ہیں مگر پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز نے اس موقع کو اپنے فرض پر قربان کردیا ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ میئر لاہور مبشر جاوید نے کہا کہ ہم چین کے غیور عوام کو نئے سال کی بے حد مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ خواجہ احمد حسان نے چینی انجینئروں میں تحائف تقسیم کئے اور نئے سال کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب میںچینی ڈپٹی کونسلر جنرل مسٹر وانگ کے علاوہ چوہدری شہباز، عبداللہ خان سنبل، امین وینس، رائے اعجاز، زاہد اختر زمان، سمیر احمد سید، اسرار سعید، سلمان حفیظ، سیف الرحمن اور دیگر محکموں کے افسروں کے علاوہ چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئرنگ کنسلٹنٹس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔