اسرائیل نے کیمیائی اسلحہ کے اثرات پہنچنے پر سخت کارروائی کی دھمکی دیدی
مقبوضہ بیت القدس (اے پی پی) اسرائیل نے کہا ہے کہ کیمیائی حملے اسرائیل تک پہنچنے کی صورت میں ہم اس کا ممکنہ سخت ترین شکل میں جواب دیں گے۔ اسرائیل کے مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق اسرائیل کی وزارت خارجہ نے 15 ممالک کے سفارت خانوں کو مطلع کرتے ہوئے کہا ہے کہ دمشق انتظامیہ کے اسرائیل کی سرحدوں کے قریب کیمیائی اسلحہ استعمال کرنے اور اس اسلحے کے اثرات اسرائیلی زمین تک پہنچنے کے موضوع پر ہمیں تشویش کا سامنا ہے۔سفارت خانوں کو بھیجے گئے پیغام میں سفارت خانوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری کو ’’ایران سے حزب اللہ دہشت گرد تنظیم کی مدد کو بند کرنے‘‘ کے موضوع پر اسرائیلی اپیلوں کی یاددہانی کروائیں اور اپنے ممالک کے حکام کو مطلع کریں کہ انہوں نے شام میں ایران کے اثر و نفوذ کے مقابل اسرائیل کے متحرک ہونے کی خواہش کو ضروری حد تک سنجیدگی سے نہیں لیا۔