کراچی: انتظار قتل کیس کی تحقیقات کیلئے نئی جے آ ئی ٹی تشکیل دیدی گئی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے ڈیفنس میںاینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان شہری انتظار کی ہلاکت کے واقعہ کی تفتیش کے لئے نئی جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی۔ مقتول انتظار کے والد اشتیاق احمد سمیت تمام فریقین کو پیر 19 فروری کو طلب کرلیا گیا۔ نوجوان انتظار گزشتہ ماہ 13 جنوری کو اینٹی کار لفٹنگ سیل کے اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا جن میں ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل مقدس حیدر کا گن مین اور پرسنل سٹاف افسر بھی شامل تھے۔ قتل کی تفتیش کے لئے پہلے بھی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس پر مقتول کے والد اشتیاق احمد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور الزام لگایا تھاکہ ان کے بیٹے کے قتل میں ایس ایس پی مقدس حیدر کا بھی اہم کردار ہے جن کی بیرون ملک مقیم بھانجی سے مقتول انتظار کی دوستی تھی انتظار کی ہلاکت کی شفاف تحقیقات کے مطالبے پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے‘ جس میں ڈی آئی جی سائوتھ کے علاوہ آئی ایس آئی‘ ایم آئی‘ آئی بی‘ رینجرز اور سپیشل برانچ پولیس کے افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس پیر 19 فروری کو سینٹرل پولیس آفس کراچی میں طلب کیا گیا ہے۔