سعودی رکن شوری کا خواتین کی لازمی فوجی سروس کا مطالبہ‘ بعض حلقوں کی تنقید
ریاض (آئی این پی) سعودی عرب کی مجلس شوری کی سرکردہ خاتون رکن ڈاکٹر اقبال درندری نے سعودی خواتین کی تین ماہ سے ایک سال تک لازمی فوجی سروس کا مطالبہ کردیا، دوسری جانب ان کے اس بیان پر بعض حلقوں کی طرف سے تنقید بھی سامنے آئی ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق سعودی شوری کی خاتون رکن ڈاکٹر اقبال درندری نے ٹوئٹر پر پوسٹ ایک بیان میں لکھا ہے کہ دفاع وطن اور اپنی ذات کے دفاع کے لیے سعودی خواتین کی تین ماہ سے ایک سال تک فوجی سروس ضروری ہے۔خواتین کو عسکری سروس میں شامل کیا جائے تاکہ وہ کسی بھی بحران، جنگ یا کسی بھی خطے میں عسکری میدان میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے خواتین کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی تعلیمی کورسز پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر درندری نے کہا کہ وطن کا دفاع ہرایک کی ذمہ داری ہے۔ اس میں مرد و خواتین کے درمیان کوئی قید نہیں۔ اسی طرح خواتین کو اپنی ذات کا بھی دفاع کرنا ہوتا ہے اور یہ لازمی فوجی سروس کے بغیر ممکن نہیں۔