بھارت کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن پر عمل کی کوشش کر رہا ہے‘ منہ توڑ جواب دینگے: وزیردفاع
اسلام آباد (نیٹ نیوز) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارت کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن پر عمل کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے اور مودی سرکار نے پاکستانی سرحد کے قریب چھاؤنیاں بنا کر بارود جمع کرنا شروع کردیا ہے، تاہم اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انٹرویو میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت نے مذاکرات کا موقع ضائع کردیا اور موجودہ صورتحال میں بات چیت کی دعوت نہیں دی جاسکتی۔ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے میں قانون کے مطابق مقدمہ ہوگا تو اس پر ضرور عملدرآمد کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خرم دستگیر نے سینٹ میں بھی پالیسی بیان دیتے ہوئے بتایا تھا کہ بھارت کی موجودہ حکومت کی جانب سے غیر معمولی دشمن جیسا رویہ اور پاکستان مخالف اقدام نے امن کے لیے پیدا ہونے والے عمل کو مسلسل کم کردیا۔