پاکستان سٹیل ملز 30 سالہ لیز دینے، پی آئی اے کے شعبہ ہوا بازی کی نجکاری کا فیصلہ
اسلام آباد/ حافظ آباد/ ونیکے تارڑ (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز لیز پر دینے اور پی آئی اے کی نجکاری کی منظوری دیدی۔ پاکستان سٹیل ملز کی 30 سال کی لیز پر دینے کی منظوری دی گئی۔ نجکاری کمیٹی نے کہا کہ پی آئی اے کا ہوا بازی کا شعبہ الگ کردیا جائے گا۔ ہوا بازی شعبے کے انتظامی امور نجی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ انتظامی امور کے ساتھ پی آئی اے کے 49 فیصد شیئرز فروخت کئے جائیں۔ آئی این پی کے مطابق کمیٹی نے تنظیم نو، پی آئی اے کے اہم اور غیر اہم شعبوں کو علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے پاکستان سٹیل ملز کے حوالے سے جامع منصوبے کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بدانتظامی کے باعث پی آئی اے اور سٹیل ملز ملازمین کو بھی مشکلات پیش آئیں۔ اے پی پی کے مطابق اجلاس میں سٹیل ملز کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ ریونیو کی تقسیم کی بنیاد پر مراعاتی معاہدہ کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے سٹیل ملز کے حوالے سے جامع منصوبہ کی تیاری کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ میں ملازمین سے متعلق امور کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کو ساڑھے تین سو ارب کے نقصانات کا سامنا ہے۔ تجویز ہے کہ پہلے مرحلے میں کور بزنس اور نان کور بزنس الگ کیا جائے گا۔ پی آئی اے نجکاری میں حکومت 51 فیصد شیئرز کے ساتھ انتظامی کنٹرول اپنے پاس رکھے گی۔ نئے سرمایہ کار تلاش کئے جائیں گے جو آپریشنل سمیت دیگر امور چلا سکیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں کوئی ریڈ لائن نہیں، سات ماہ ہوگئے نہ کبھی نواز شریف نے فون کرکے کوئی کام کرنے یا نہ کرنے کو کہا نہ کسی اور نے فون کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے صوبائی صدر بھی ہیں لیکن عوام جس لیڈر کو پہچانتے ہیں وہ نواز شریف ہیں، مریم نواز کی لیڈرشپ ماننے کا ابھی سوال نہیں آیا۔ علاوہ ازیں این این آئی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی سے باصلاحیت افراد کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے اور ذہین افراد کے ملک چھوڑنے کے رجحان کو روکنے میں مدد ملے گی۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کراچی کے طالب علموں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم آفس کا دورہ کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج حافظ آباد آئیں گے جہاں وہ مقامی میرج ہال میں منعقدہ تقریب میں پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس کے سلسلہ میں خواتین میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کریں گے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق اجلاس میں طویل غور کے بعد پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ کے عمل کو شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے کے ’’کور‘‘ اور ’’نان کور‘‘ بزنس کو الگ الگ کر دیا جائے گا۔ پاکستان سٹیل ملز کے انتظامی‘ مالیاتی اور ملازمین کے ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے مختلف سرمایہ کاروں کے ساتھ منافع کی تقسیم کی بنیاد پر ’’کنسیشن ایگریمنٹ‘‘ کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔