ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ
اسلام آباد(نا مہ نگار) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے ترجمان نے بتایا کہ ڈریپ اور صوبائی محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیر پنجاب نے ایک اجلاس میں محفوظ، موثر اور جان بچانے والی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی مشترکہ حکمت عملی پر عملدرآمد کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔سی۔ای۔او ڈریپ نے صوبائی حکام کو ڈریپ کے معیار میں اضافے اور اسے مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ حکام کو بتایا گیا کہ ڈریپ قوانین میں نئی ترامیم متعارف کی گئی ہیں جو کہ ڈبلیو۔ایچ۔او کی ہدایات اور بین اقوامی بہترین مشقوں سے ہم آہنگ ہیں۔ صوبائی محکمہ صحت کے ذمہ داران کو بتایا گیا کے ڈریپ نے بین الصوبائی رابطہ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو کہ صوبائی محکمہ جات صحت اور ڈریپ کے درمیان مضبوط طریقہ کار کو وضع کرے گی۔مزید براہ ادویات کی کمی کے مسلئے سے نمٹنے کیلئے سائنسی بنیادوں پر نیا نظام وضع کیا گیا ہے۔