کلچرل کارواں پاکستان چین کے درمیان ثقافتی ورثہ کے احیاء کا باعث بنے گا؛ جمال شاہ
اسلام آباد (کلچرل رپورٹر) سی پیک کلچرل کارواں پاکستان اور چین کے درمیان ہزاروں سال پرانے تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کے احیاء کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا۔ اس منصوبہ کا مقصد دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک ساتھ کام کرنے اور ایک دوسرے کے ثقافتی ورثہ سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے گزشتہ روز پی این سی اے میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ جمال شاہ نے پی این سی اے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کل ہی حکومت کی طرف سے اسلام آباد میں نیشنل فلم اکیڈمی کے قیام کی منظور ی دی گئی ہے اور اس مقصد کے لئے 55 ملین روپے بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔ نیشنل آرٹ گیلری کی سیکیورٹی کا منصوبہ اور پی این سی اے میں ڈیجیلائز آرکائیو لائبریری (Digitalise Archive Library) پر کام جاری ہے۔چین اور پاکستان کے فنکاروں پر مشتمل کارواں میں اپنا سفر چین کے صوبہ سنگیانگ سے شروع ہوااور اْرمچی ، خنجراب ، گلگت ، پشاور ، اسلام آباد ، لاہور ، کوئٹہ اور کراچی سے ہوتا ہوا گوادر پہنچا۔ ایسے تاریخی کام آغاز ہو ا ہے جو آگے چل کر دونوں ملکوں کے مابین رشتوں کو مزید مضبوط سے مضبوط ترکرتا چلا جائے گا۔ ہم سب کو مل کر اور خصوصاًذرائع ابلاغ کو پاکستان کے خوبصورت تشخص کو اْجاگر کرنا چاہیے تاکہ دْنیا پاکستان کو بہترطور پر جاننے اور ایک منفی تاثر جو پیدا ہو چلا ہے اْس کی نفی ہو اور لوگ یہاں بِلا خوف و خطر آئیں۔ یاد رہے کہ اِن دنوں پی این سی اے میں 24 تا26 فروری کو منعقد ہونے والے سی پیک کلچرکا رواں اور نیشنل آرٹسٹ کنونشن کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔