پاکستان دہشتگردی کے حوالہ سے عالمی دباؤ میں ہے، فضل الرحمٰن
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے حوالے سے سخت عالمی دبائو میں ہے لگتا ہے کہ یہ قوتیں پاکستان اور ہمارے دفاعی اداروں کو دبائو میں لا کر اپنی مرضی کی شرائط منوانا چاہتی ہیں۔پاکستان کو ہر صورت قومی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت خطے میں تنازعات کا حل جنگ میں نہیں بلکہ کشیدگی معاملات کو بگاڑنے کا سبب بن سکتی ہے ۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے جمعہ کو اس امر کا اظہار کشمیری حریت لیڈر ظفر اکبر بھٹ کی قیادت میں کشمیری وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفدکے دیگر ارکان میں الطاف بھٹ،ڈاکٹر ولید رسول اور مشتاق احمد شامل تھے۔ انہوں نے کہا امریکہ اور حلیف یورپی ممالک پاکستان کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگانے کے لیے کوشاں ہے اور ٹاسک فورس کے ذریعے پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل کرنا چاہتے ہیں تاہم پاکستان نے اس قسم کی صورتحال کے تدارک کے لیے اقدامات کیے ہیں حقیقت میں متذکرہ امریکی چال پاکستان اور ہمارے دفاعی اداروں کو دبائو میں لا کر اپنی مرضی کی شرائط منوانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنمائوں کو پاکستان پر اندرونی اور بیرونی دبائو کا یقینا ادراک ہے ہم چاہتے ہیں کہ تحریک آزادی کشمیر کو بھر پور طریقے سے پر امن طریقے سے جاری رکھا جائے۔