کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر تیزی محدود ہو گئی ہنڈرڈ انڈیکس 34ہزار پوائنٹس کی سطح عبور نہ کر سکا

17 فروری 2015 (19:24)



کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز گرین زون میں ہوا اور انڈیکس کاروبار کے دوران دو سو سے زائد پوائنٹس بڑھ کر 34ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرنے میں کامیاب رہا ۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 34ہزار36پوائنٹس کی سطح تک پہنچنے میں کامیاب رہا تاہم آئل اینڈ گیس، ٹیلی کام اور سیمنٹ سیکٹر میں حصص کی فروخت کے باعث انڈیکس میں تیزی محدود ہوگئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس سی ہنڈرڈ انڈیکس پانچ پوائنٹس اضافے کے بعد33ہزار801پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے الیکٹرک کے حصص میں توقعات سے بہتر مالیاتی نتائج کی بدولت آج سب سے زیادہ کاروبار ہوا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں اکیس کروڑ اکہتر لاکھ حصص کے سودے ہوئے جن کی مالیت 12ارب تئیس کروڑ روپے رہی۔ کاروبار کے اختتام تک تین سو اکاون کمپنیوں کے حصص میں لین دین ہوا جن میں سے ایک سو بارہ کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ جب کہ دو سو سولہ کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی ہوئی۔