امریکا میں شدید برفباری نے نظام زندگی کو درہم برہم کردی

17 فروری 2015 (19:23)
امریکا میں شدید برفباری نے نظام زندگی کو درہم برہم کردی

امریکا کی مشرقی اور جنوبی ریاستیں شدید برفانی طوفان کے باعث سخت سردی اور ہواؤں کی لپی میں ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ آنے والے چوتھے برفانی طوفان نے مشرقی اور جنوبی ریاستوں کو منجمد کر دیا ہے۔سڑکوں پر برف کے انبار لگے ہیں، گھر اور گاڑیاں برف سے پوری طرح ڈھک چکی ہیں ،بجلی کا نظام متاثر ہے، جبکہ برفانی طوفان کے باعث سترہ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، ریاست آرکنسو میں طوفان کے بعد ژالہ باری اور برف باری نے شہری نظام بری طرح متاثر کیا ہے ،آرکنسو کے شمالی حصوں میں 15سینٹی میٹر سے زائد برف پڑی جس کے بعد طوفان نے ریاست کے شمال مغربی حصوں کا رخ کر لیا ہے ۔ریاست میساچوسٹس کے شہر بوسٹن میں تاریخی برف باری کے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بوسٹن میں جنوری کے آخری ہفتے میں ریکارڈ 6 فٹ برف پڑی جبکہ گزشتہ ہفتے تیس سینٹی میٹر ریکارڈ برف باری ہوئی جبکہ جمعرات تک مزید 21 انچ تک بڑف پڑ نے کا امکان ہے۔سخت سردی کے باعث اب تک دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ریاست میسی سیپی میں برفباری اور دھند کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہے جبکہ گورنر میسی سیپی نے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ ریاست شمالی کیرولائنا، کینٹکی ،جارجیا، الباما اور نیو انگلینڈ بھی شدید سردی اور برف کی لپیٹ میں ہے۔