سعودی عرب سے تعلقات کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا: پاکستانی سفیر
جدہ ( امیر محمد خان سے ) پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اتنے مضبوط ہیں کہ انہیں الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ، پاکستانیوں نے سعودی عرب میں اپنی محنت سے اور دل لگا کر کام کیا ہے ، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے ہر برے وقت ساتھ دیا ہے اور معیشت کو سہارا دیا ہے ، ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے حکومت پاکستان اورعوام کوشاں ہیں یہ بات سعودی عرب میں تعینات کئے جانے والے نئے سفیر پاکستان منظور الحق نے جدہ میںپاکستان جرنلسٹ فورم کے عہدیدراوں کے اعزاز میں دئے جانے والے عشایہ میں فورم کے عہدیداروں سے اپنے تعارفی خطاب میںکہی۔ عشایہ کا اہتمام قونصل پریس سہیل علیخان نے کیا ، سفیر پاکستان نے کہا کہ ہماری کمیونٹی کے کچھ مسائل ہیں جو مجھ سے قبل بھی پاکستانی سفارت کار حل کرتے رہے ہیں ، انہوںنے کہا کہ میں نے اپنی حالیہ ملاقاتوں میں برادر ملک سعودی عرب کے اعلی حکام کو پاکستان کیلئے بہت شفیق دل رکھنے والا پایا ، اسلئے یہاں پاکستانیوں کو درپیش کسی بھی مسلئے کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر حل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ۔سفیر پاکستان نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کی تجارت کو پاکستان کی سمت بہتر لیجانے کیلئے میری ترجیحات میں شامل ہے ۔سعودی تاجر دوستوں سے رابطہ کیا ہے اور پاکستان سے ہونے والی تجارت میں رکاوٹوں دور کرنے کیلئے ان سے مشاورت کررہا ہوں۔عشائیہ میں قونصل جنرل آفتاب کھوکر، اور نائب قونصل جنرل آفتاب میمن بھی موجود تھے۔