جلد پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میںشامل ہوگا: رانا اقبال

17 فروری 2015

لاہور(خصوصی رپورٹر)قائم مقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ آپر یشن ضرب عضب دہشت گردوں کے مذموم عزائم پر وہ کاری ضرب ہے جس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے مسلم لیگ ن لاہور کے تاجر ونگ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا جنہو ںنے عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔وفد میں خالد جاوید اور وقار حسین بھی شامل تھے ۔قائمقام گورنرپنجاب نے کہا کہ قدرت پاکستان اور اس کے عوام پر مہربان ہے ، حال ہی میں چنیوٹ سے دریافت ہونے والے معدنیات کے وسائل ہماری معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو ں گے -انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے باعث تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں ہمیں مکمل طور پر ادراک ہے۔رانا محمد اقبال نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ قوموں کی صف میںنمایا ں ہو گا۔