ملازمت پیشہ خواتین کیلئے ڈے کیئر سنٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی: چیف سیکرٹری پنجاب
لاہور (خصوصی نامہ نگار)چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کے لئے ڈے کیئر سینٹرزکی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل نے ہدایت کی کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کے حوالے سے قانون سازی کرتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے علماء کی رائے اور حمایت حاصل کی جائے ۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ کمشنر ز کانفرنس میں خواتین کو وراثت میں حصہ کے حصول کے لئے درپیش مسائل کو زیر بحث لایا جائے۔