چولستان جیپ ریلی کے نتائج متنازع ہو گئے

17 فروری 2015

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چولستان جیپ ریلی کے نتائج نے تنازع کھڑا کر دیا۔ چولستان جیپ ریلی کے فائنل راو¿نڈ میں قاسم سیدی فاتح اور نادر مگسی رنر اپ قرار پائے۔ پہلے نتیجے کے مطابق قاسم سیدی نے 219 کلومیٹر کا فاصلہ دو گھنٹے اور 14 منٹ میں طے کرکے میدان مار لیا جبکہ نادر مگسی یہ فاصلہ دو گھنٹے 20 منٹ میں طے کرکے دوسرے نمبر پر رہے لیکن ٹی ڈی سی پی نے چند گھنٹے بعد نتائج کو بدل کر جیت کو متنازع بنا دیا۔ سرکاری نتائج کے مطابق نادر مگسی نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 22 منٹ میں طے کرکے ٹائٹل کا دفاع کیا جبکہ قاسم سیدی تیسری اور اسد کھوڑو رنر اپ رہے۔ بی کیٹیگری میں جام کمال خان نے پہلی، سی کیٹگری میں محمد خان جبکہ ڈی کیٹیگری میں محراب خان فاتح رہے۔ نتائج متنازع ہونے پر تقریب تقسیم انعامات بدنظمی کا شکار ہوگئی۔جیپ ریلی میں خاتون ڈرائیور نے بھی شرکت کی۔ ڈرائیوروں نے 220 کلومیٹر طویل ٹریک پرایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کی۔ 97 ڈرائیوروں میں ایک خاتون ڈرائیور نے بھی مردوں کے شانہ بشانہ گاڑی دوڑائی۔گذشتہ سال کے فاتح میر نادر مگسی کی گاڑی کا ٹائر فنشنگ پوائنٹ سے 2کلو میٹر پہلے ہی پھٹ گیا مگر نادر مگسی نے پھٹے ہوئے ٹائر کے ساتھ ہی فنشنگ لائن عبور کرلی۔220 کلومیٹر طویل ٹریک پر13 چیک پوسٹیں اور ایک مڈ بریک پوائنٹ بھی شامل تھا جہاں پرگاڑیوں کے لئے ری فیولنگ کی سہولت بھی موجود تھی۔