سمندر پار پاکستانی ہمارے سفیر ہیں‘ اوورسیز کمشن شکایات کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کریگا: شہباز شریف

17 فروری 2015
سمندر پار پاکستانی ہمارے سفیر ہیں‘ اوورسیز کمشن شکایات کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کریگا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گذشتہ روز ممبر ہاؤس آف لارڈز و سابق برطانوی وزیر برونیس سعیدہ وارثی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل کیلئے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان برطانیہ کو اپنا حقیقی ترقیاتی شراکت دار سمجھتا ہے اور برطانیہ پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ پاکستان کی ترقی میں برطانیہ کا کردار قابل ستائش ہے۔ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے سعیدہ وارثی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے کمیشن کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی وطن کے عظیم سفیر ہیں۔ پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور یہ کمشن وطن سے دور رہنے والے ہموطنوں کے مسائل اور شکایات کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کمشن کو قانونی حیثیت دی ہے۔ کمشن اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گا۔ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی محنت کے ذریعے وطن عزیز کیلئے قیمتی زرمبادلہ کما رہے ہیں اور قومی معیشت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردارادا کررہے ہیں۔ دیارغیر میں رہنے والے پاکستانیوں نے دنیا بھر میں اپنی محنت کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اوراقوام عالم میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان ہموطنوں کے مسائل کا حل اوران کی شکایات کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔اسی مقصد کے تحت پنجاب میں ایک خود مختار اور بااختیار اوورسیز پاکستانیز کمشن بنایا گیا ہے ۔ برونیس سعید وارثی نے چنیوٹ، رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی دریافت و تصدیق پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا قیام شہباز شریف کا اہم اقدام ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گوجرانوالہ ڈویژن کے برساتی نالوں ایک، پلکھو، ڈیک، بھیڈ، بسنتر اور دیگر نالوں کی تباہ کاریوں سے فصلوں اور املاک کو محفوظ بنانے کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا اور سیالکوٹ، گوجرانوالہ، کامونکی کے برساتی نالوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے مرحلہ وار پروگرام کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مون سون سے قبل گوجرانوالہ ڈویژن میں برساتی نالوں کو بہتربنانے کے حوالے سے شارٹ ٹرم منصوبے پرفی الفورکام شروع کیا جائے تاکہ مون سون کے دوران برساتی نالوں سے ہونے والے نقصانات کی روک تھام کی جاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ اضلاع میں عوام اور املاک کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھنے کیلئے ابھی سے پیش بندی کی جائے تاکہ مون سون میں برساتی نالوں میںطغیانی سے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے برساتی نالوں کو مرحلہ وار بہتر بنانے کے حوالے سے جس شارٹ ٹرم پروگرام کی منظوری دی گئی ہے، اسے مون سون سے قبل ہر صورت مکمل ہونا چاہیے۔ شارٹ ٹرم منصوبے کی تکمیل کیلئے تیز رفتاری سے دن رات محنت کرنا ہوگی۔ آئندہ مون سون شروع ہونے سے قبل تمام حفاظتی اقدامات مکمل ہونے چاہئیں۔ برساتی نالوں کی بہتری کے حوالے سے میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبے پر بھی کام کیا جائے تاکہ ان برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث ہونے والے نقصانات کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تدارک ہوسکے۔ برساتی نالوں کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اوراس حوالے سے کسی تساہل کی کوئی گنجائش نہیں ۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کے حوالے سے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیرنگ کمیٹی اس منصوبے پر عملدر آمد کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے۔ شہبازشریف سے چین کی توانائی کمپنی کے وفدنے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے منصوبوں اور پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑی گنجائش موجود ہے۔ توانائی کے شعبے میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دے رہے ہیں۔