لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش اور ژالہ باری‘ نشیبی علاقے زیر آب‘ ٹریفک کا نظام متاثر
لاہور+ اسلام آباد+ پشاور (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز بارش سے شہر بھر میں ٹریفک جام ہو گئی، وارڈنز ٹریفک کو چلانے کی بجائے سڑکوں سے غائب ہو گئے جس سے شہر کی تمام اہم سڑکوں پر گاڑیوں کی لبمی قطاریں لگ گئیں، لوگ گھنٹوں جام ٹریفک میں پھنسے رہے جبکہ شارع فاطمہ جناح اور جیل روڈ پر مریضوں کو لے کر جانے والی ایمبولینسز بھی جام ٹریفک میں پھنس گئیں۔ کینال روڈ، جیل روڈ، شاہراہ قائداعظم، شارع فاطمہ جناح، راوی روڈ اور ریلوے سٹیشن سے ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورت حال پر شہریوں نے احتجاج کیا۔ علاوہ ازیں لاہور میں بارش اور ژالہ باری کے باعث 65اور گوجرانوالہ میں 55فیڈر ٹرپ کر گئے اور کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔ علاوہ ازیں ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں تیز بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بارش کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا۔ پشاور میں بوندا باندی نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ ادھر شانگلہ کے پہاڑوں پر سفیدی کی برسات پھر شروع ہو گئی۔ گرجتے برستے بادلوں نے بھی سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ ادھر پشاور میں بارش کا پانی ایم پی اے ہاسٹل سے متصل آر کائیوز و لائبریری میں داخل ہو گیا۔ بارش نے نئی حکومتی تعمیرات کا پول کھول دیا۔ لائبریری انتظامیہ کے مطابق حکومت کو متعدد بار آگاہ کیا لیکن توجہ نہیں دی گئی۔ گندا پانی داخل ہونے سے لائبریری میں بدبو پھیل گئی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ اے پی پی کے مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیںجمعرات تک ملک کے بالائی علاقوں میںموجود رہیں گی، خیبر پی کے گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ شمالی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو گی۔ محکمہ موسمیات کا مطابق آئندہ جمعہ سے نسبتاً زیادہ بارش برسانے والا مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہو گا جسکی وجہ سے جمعہ سے اتوار کے دوران بالائی/وسطی پنجاب (راولپنڈی ،لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن)،خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر جبکہ بلوچستان (کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن)، جنوبی پنجاب (ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن) اور بالائی سندھ (سکھر،لاڑکانہ ڈویژن) میںکہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ جمعہ سے اتوار کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور مری گلیات، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔