تیسرا نشان حیدر کبڈی کپ 22 فروری سے شروع ہوگا

17 فروری 2015
تیسرا نشان حیدر کبڈی کپ 22 فروری سے شروع ہوگا

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام اور آرمی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے تعاون سے تیسرا نشان حیدر کبڈی کپ 22 فروری سے جناح سپورٹس کمپلیکس، صادق آباد میںشروع ہوگا۔ پاکستان ایئر فورس اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نو ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان ایئر فورس، پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، ہائرایجوکیشن کمیشن، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز، پی او ایف واہ، پاکستان ریلوے اور پنجاب کی ٹیمیں حصہ لیں گی، انہوں نے کہا کہ ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 27 فروری جبکہ فائنل 28 فروری کو کھیلا جائے گا، رانا سرور نے مزید بتایا کہ سیف گیمز اور انٹرنیشنل ایونٹ کی تیاری قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ سرگودھا میں جاری ہے، تربیتی کیمپ مختلف محکموں کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں ریحان علی، محمد ندیم، محسن علی،محمد طارق، عاصم علی، محمد سجاد، بشارت علی، راحت مقصود، کاشف رزاق، شبیر احمد ، اخلاق حسین، عبدالمختار، واجد علی، محمد شاہد، عثمان زادہ، حیدر علی ، عدیل اعظم اور توحید شفاءشامل ہیں جن کو کوچ میجر رانا نبیل احمد اعلیٰ اور جدید تربیت دے رہے ہیں۔