پٹرولیم نرخوں میں کمی کے اثرات قوم تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں: بلال یٰسین

17 فروری 2015

لاہور (کامرس رپورٹر+ نیوز رپوٹر) وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر خوراک بلال یا سین کا نئے کرایہ نامہ پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز قصور اور شیخوپورہ کا اچانک دورہ کیا ۔ اس موقع پر ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے حناءرحمان ، ایم وی شبیر شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے نیو بس ٹرمینل اور ڈی کلاس اڈا جات پر مسافروں سے نئے کرایہ کے بارے میں دریافت کیا اور تمام اڈا جات پر نیا کرایہ نامہ کے حوالے سے لگائے گئے بینرز اور فلیکسز کو چیک کیا ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ حکومت کا مشن ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں خاطر خواہ کمی کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں نیز عوام کو تمام بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات بروے کار لائے جا رہے ہیں ۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر نے اپنے دورہ کے دوران ایک خصوصی کیمپ میں بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔