سندھ حکومت نے ایک ماہ میں 3 بار سیکرٹری داخلہ بدلے، مشکلات درپیش ہیں: کور کمانڈر کراچی

17 فروری 2015

کراچی (آئی این پی + آن لائن) وزیر اعظم نواز شریف کے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کے دورہ کے موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے وزیر اعظم کو سندھ بالخصوص کراچی میں ہونے والی انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔  کور کمانڈر کراچی نے شکوہ کیا کہ سندھ حکومت ایک ماہ میں تین بار سیکرٹری داخلہ تبدیل کر چکی ہے، اس طرح انتظامی معاملات چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وزیر اعظم نے معاملے سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آن لائن کے مطابق کور کمانڈر کراچی نے وزیراعظم  سے سندھ حکومت  کی شکایت کر ڈالی۔ بریفنگ کے دوران لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے شکوہ کیا کہ سندھ حکومت کی انتظامی نااہلی کے باعث معاملات چلانے میں پریشانی کا سامنا ہے۔  یاد رہے  گذشتہ ایک ماہ کے دوران سندھ حکومت نے سیکرٹری داخلہ ممتاز شاہ ، نیاز عباسی اور عبدالرحیم سومرو کو عہدوں سے ہٹادیا تھا۔