وزیر خزانہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ پر نظر ثانی کریں: لاہور چیمبر

17 فروری 2015

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے بہت سی مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارسے درخواست کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ سے صارفین پر 20 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرنس آئل، الیکٹرانک ایکویپمنٹ، ڈبہ بند خوراک اور میٹل سکریپ وغیرہ کا شمار لگژری آئٹمز میں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا ایک بڑا حصہ تھرمل ذرائع سے پیدا ہوتا ہے، فرنس آئل پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ سے بجلی مہنگی ہوگی جس سے صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھے گی۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ صنعت و تجارت کو پہلے ہی بہت سے مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں ریگولیٹری ڈیوٹی مزید مسائل پیدا کرے گی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ نجی شعبہ معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے حکومتی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتاہے مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اسے سہولیات دے۔